رکن صوبائی اسمبلی کے گھر پر فائرنگ متعدد افراد جاں بحق

 








ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے رجانہ، چک نمبر 184 گ ب میں سابقہ رنجش پر ہونے والی خونریز فائرنگ کے واقعے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ رکن صوبائی اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر کرنل (ر) سردار ایوب خان گادھی سمیت 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے ایم پی اے سردار ایوب خان گادھی کے ڈیرے پر اچانک دھاوا بولتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ضیغم عباس، ندیم، حق نواز اور خالق داد موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ بعض اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 5 ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

واقعے میں کرنل (ر) سردار ایوب خان گادھی کو بازو، ٹانگ اور سینے میں متعدد گولیاں لگیں، جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں شہباز اور ریاض بھی شامل ہیں۔

اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا بھی واقعے کی سنگینی کے پیش نظر جائے وقوعہ کے لیے روانہ ہو گئے۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی اور خوف کی فضا قائم ہے۔


Post a Comment

0 Comments