پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہزاد اکبر پر لندن میں حملہ








 لندن: سابق وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں معاون خصوصی برائے احتساب رہنے والے شہزاد اکبر برطانیہ میں نامعلوم شخص کے حملے میں زخمی ہوگئے۔

شہزاد اکبر نے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ  نامعلوم شخص کے حملے کے بعد سوشل میڈیا پر زیرگردش میری زخمی چہرے والی تصویر جعلی اور اے آئی سے بنی ہوئی ہے۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ حملے کے سبب ناک کی ہڈی ٹوٹی ہے، چہرے پر بھی زخم آئے ہیں، پولیس سرگرمی سے حملہ آور کو تلاش کر رہی ہے، پولیس نے یقین دلایا ہے کہ وہ حملہ آور اور حملہ کرانے والے کو بھی پکڑے گی۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شہزاد اکبر نے بتایاکہ حملہ کرنے والا کنسٹرکشن ورکر یا کوڑا اٹھانے والا لگتا تھا، اس نے میرے نام کی تصدیق کرنے کے بعد مجھ پر حملہ کیا، ایسی بزدلانہ حرکتیں مجھے خوفزدہ نہیں کرسکتیں، میرا عزم پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ حملے سے متعلق پولیس کی تفتیش کے سبب سی سی ٹی وی فوٹیج یا تصاویر شیئر نہیں کرسکتا، برطانوی قانون پر مکمل یقین ہے،  حکومت سے اپیل ہے کہ انگلینڈ کو سب کیلئے محفوظ ہونے کو یقینی بنائے بشمول مجھے سے اختلاف رکھنے والوں کیلئے بھی۔

Post a Comment

0 Comments