نیویارک (تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 23 جولائی 2026ء ) نیویارک میں کار چھیننے کی کوشش کے دوران مسافر نے پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کی گردن میں گولی ماردی، نوجوان جزوی طور پر مفلوج ہوگیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں اپنے خاندان کی کفالت کے لیے بروکلین کے ایک پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کو نئی ایس یووی کار چھیننے کی کوشش پر مزاحمت کے دوران مسافر نے گردن میں گولی ماردی، جس کے نتیجے میں پاکستانی شہری جزوی طور پر مفلوج ہوگیا۔
پولیس کے مطابق 21 سالہ دانش سرور کو 11 جولائی کی صبح تقریباً 4:15 بجے اس وقت گولی ماری گئی جب انہوں نے پراسپیکٹ لیفرٹس گارڈنز میں پارک سائیڈ ایونیو اور بیڈفورڈ ایونیو کے قریب ایک ڈے کیئر سینٹر کے سامنے سے ایک مسافر کو اپنی گاڑی میں بٹھایا۔
اس وقت دانش اپنی آراےوی فورٹویوٹا 2026 چلاتا تھا، یہ گاڑی دانش نے چند روز قبل ہی خریدی تھی۔ دانش کے 30 سالہ بھائی حمزہ سرور کے مطابق میرا بھائی ہفتے کے ساتوں دن کام کرتا تھا۔
وہ بہت اچھا انسان ہے۔ ہم دونوں مل کر پاکستان میں اپنے خاندان کی کفالت کرتے ہیں۔ ہم اپنی والدہ، والد اور دو بہنوں کا خرچ اٹھاتے ہیں۔ دانش تقریباً تین سال پہلے امریکا آیا تھا اور اس کی پوری زندگی صرف محنت اور کام کرنے میں گزری ہے۔ گولی لگنے کے بعد دانش سرور کو فوری طور پر کنگز کاؤنٹی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی ہنگامی سرجری کی گئی۔وہ ایک ہفتے سے زائد عرصے تک انتہائی تشویشناک حالت میں بے ہوش رہے۔ ان کے بھائی کے مطابق بدھ کے روز انہیں ہوش آیا، تاہم وہ اپنا بایاں بازو اور ہاتھ کی انگلیاں حرکت دینے سے قاصر ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جزوی طور پر مفلوج ہو چکے ہیں۔ اس نے پہلی بار آنکھیں کھولیں اور بات کرنا شروع کی۔ اللہ نے اسے دوسری زندگی عطا کی ہے۔ تاہم ڈاکٹروں کو دانش کے بری طرح زخمی گلے میں ایک خصوصی مائیکروفون لگانا پڑا تاکہ وہ بول سکیں۔حمزہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے دانش کے گلے میں مائیک لگایا ہے، ان کی ریڑھ کی ہڈی متاثر ہوئی ہے، وہ کھانا نہیں کھا سکتے اور انہیں دل کا بھی مسئلہ درپیش ہے۔ بھائی حمزہ کے مطابق ملزم نے ایک کار سروس کے ذریعے دانش کی گاڑی بک کی تھی، لیکن ایس یو وی کی پچھلی نشست پر بیٹھنے کے بعد اس نے اچانک پستول نکال لیا اور دانش سے نقدی اور قیمتی سامان حوالے کرنے کا مطالبہ کیا اور گاڑی چھیننے کی کوشش پر گولی مار دی۔
0 Comments